ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرانی کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ریاستی پشت پناہی میں دہشت گردی جاری ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ نفرت انگیز متنازعہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، پروپیگنڈے کے ذریعے حقائق کو مسخ نہیں کیا جا سکتا ۔افواج پاکستان ملک کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔
طاہر حسین اندرانی نے مزید کہا کہ انڈونیشیا کے صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا، دونوں ممالک میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، وزیر اعظم نے انڈونیشیا کے صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ دورے میں متعدد معاہدوں اور مفاہتی یاداشتوں پر دستخط ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ڈپٹی وزیراعظم کا رواں ہفتے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے رابطہ ہوا ، نائب وزیر اعظم کا سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفون پررابطہ ہوا، رابطے میں غزہ کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ رفاہ کراسنگ کھولنے پر اسرائیلی بیان پر پاکستان سمیت 8 اسلامی عرب ممالک نے بیان جاری کیا۔



















