وزیراعظم شہبازشریف نے قومی علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں علما نے پاکستان کی کامیابی کیلئے دعائیں کیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جرات اور مہارت سے اس جنگ کو لیڈ کیا، اللہ نے پاکستان کو عظیم کامیابی سے ہمکنار کیا، اس کامیابی میں تمام افواج کی کاوشیں شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جب تک یکجہتی قائم نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکتا، افغانستان سےفتنہ الخوارج پاکستان کے شہریوں اور جوانوں کو شہید کر رہے ہیں، شہدا کی قربانیوں کا مذاق اڑائیں گے تو کون پاکستان کی عزت کرے گا، ہم بھرپور ترقی اور خوشحالی کے سفر کی جانب گامزن ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ معیشت ڈیفالٹ کے دہانے پر تھی،بچانے کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت نے کام کیا، دن رات کام کر کے محنت کر کے قرض چکائیں گے اپنی دولت خود پیدا کرینگے، دہشتگردی اور ترقی ایک ساتھ نہیں چل سکتے، ترقی کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے، جادو ٹونے سے نہیں شبانہ روز محنت سے کامیابی حاصل ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی معاملات پر یک جان دو قالب ہونا پڑے گا، معرکے میں کامیابی پر پوری دنیا حیران ہے،دوست ممالک کے دل باغ باغ ہیں، دوست ممالک اس کامیابی کو اپنی فتح سمجھتےہیں، کچھ لوگ عسکری قیادت کے خلاف زہرآلود پروپیگنڈا کرتےہیں، شہداکی قربانیں رائیگاں نہیں جائیں گی، افواج کے جوانوں نے اپنے بچے یتیم کر کے کروڑوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا۔



















