پاکستان اور سعودی عرب نے غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وہاں انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا مشترکہ مطالبہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے مربوط سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس دوران علاقائی صورتِ حال خصوصاً غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے رفاہ کراسنگ کو محدود کرنے کے اسرائیلی یکطرفہ منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام امن منصوبے کی کھلی خلاف ورزی اور انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے سراسر منافی ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کے محصور عوام تک امداد کی بلا رکاوٹ رسائی فوری اور ناگزیر ہے۔



















