میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے نیپا چورنگی میں مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے ننھے بچے ابراہیم کے گھر کا دورہ کیا اور اہل خانہ کے ساتھ دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی، جو بھی کوتاہی کا مرتکب پایا گیا کارروائی کی جائے گی، مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کیلئے اقدامات کیئے جائیں گے،
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کی رات بدقسمت واقعہ رونما ہوا، تین سال کے ابراہیم کی جان گئی، ابراہیم کی والدہ کی چیخوں پر میرے پاس الفاظ نہیں ، بحیثیت والد میں ان کا درد سمجھ سکتا ہوں ، ان کےگھرگیا ابراہیم کے دادا اور گھروالوں سے ملاقات کی، کسی بھی قانونی کارروائی کے لیے تحقیقات ضروری ہیں، پولیس کےذریعےکباڑ کا کام کرنے والے ایسے افراد کےخلاف کارروائیاں کرائیں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہناتھا کہ نشے کے عادی افراد سے سریا اور لوہے کے لیے چوری کرائی جا رہی ہے، وزیرداخلہ ضیاالحسن لنجارسے بات ہوئی، شہر کے انفرا اسٹرکچر کو نشے کے عادی افراد خراب کر رہے ہیں، ایس ایج او کو پتہ ہے کہ چوری کا سامان کہاں بکتا ہے، کوشش کرنی چاہیے کہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں، انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے فوری رسپانس ہونا چاہیے، میں بطور میئر ناکام رہا، بلیم گیم کو بالائے طاق رکھ کرمعافی مانگتا ہوں، قوم کے سامنے ندامت کا اظہار کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ابراہیم کے اہلخانہ نے شکایات کی ہیں،ان کا جائزہ لےرہے ہیں، ایس او پی بنارہے ہیں کہ ایسے واقعات کے بعد کیا کیا جائے، تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ریسکیو کے لوگ پہنچے لیکن کام کیوں نہیں کر سکے، انتظامیہ کی ذمے داری تھی کہ ایکشن لیا جاتا، ریسکیو1122،سٹی وارڈن وہاں پہنچےلیکن کام نہیں کرسکے، ایس ایس پی ایسٹ اور ڈی سی ایسٹ کو معطل کیا جا رہاہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہناتھا کہ کراچی واٹربورڈ کے متعلقہ افسر،کے ایم سی کی سینئر ڈائریکٹر کو معطل کیا، آج وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس ہوا، ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں کہ آئندہ کسی ابراہیم کے ساتھ ایسا نہ ہو، کسی بلیم گیم کے بغیر ابراہیم کےاہلخانہ سے معافی مانگی، میں نے کہا اس پورے حادثے پرمجھے ندامت ہے ، ابراہیم کے دادا کا شکر گزار ہوں اس سانحے کے بعد بھی شفقت سے پیش آئے۔






















