پاکستان کا سری لنکا میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی مشن جاری ہے جبکہ خصوصی طیارے کے ذریعے بھیجی گئی امدادی ٹیم اور سامان کولمبو پہنچ گیا، سری لنکن صدر نے امدادی کارروائیوں پر پاکستانی حکومت اور عوام سے اظہار تشکر کیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان سے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے بھیجی گئی امدادی ٹیم کولمبو پہنچ گئی۔ امدادی ٹیم اور سامان وزیراعظم کی ہدایت پرسری لنکا کےسیلاب زدہ علاقوں کیلئے بھیجا گیا ہے۔ کولمبو میں پاکستانی ہائی کمشنرمیجر جنرل ریٹائرڈ فہیم العزیز اورسری لنکن نائب وزیر نے ریسکیو ٹیم کا استقبال کیا۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان ہمیشہ ہر مشکل وقت میں سری لنکا کے ساتھ کھڑا ہے اور رہےگا۔ سری لنکن متاثرین سیلاب کیلئے پاکستان کی جانب سے دو سو ٹن امداد بھی جلد سمندری راستے سے پہنچ جائے گی۔ پاکستان کی امدادی کارروائیوں پر سری لنکن صدر نے اظہار تشکر کیا اور کہا مشکل وقت میں ساتھ دینے پر وزیراعظم شہبازشریف کاشکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاکستان کی مدد دونوں ممالک میں گہری دوستی کاثبوت ہے۔



















