اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قومی انسانی حقوق کمیشن کی چار سالہ کارکردگی قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے پارلیمنٹ بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔بین الاقوامی سطح پر غزہ کا انسانی المیہ عالمی ضمیر پر بوجھ بھی قرار دیا ۔
اسلام آباد میں نیشنل کمیشن فارہیومن رائٹس کی تقریب سےخطاب میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا اراکینِ قومی اسمبلی کے حقوق کا تحفظ ان کی پہلی ترجیح ہے، حکومت اور اپوزیشن کو ہمیشہ مساوی حیثیت دی گئی، اور پروڈکشن آرڈرز سیاست سے بالاتر ہو کر جاری کیے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ فعال جمہوریت کی بنیاد مساوات، انصاف اور بنیادی حقوق کی فراہمی اور ریاست کی پہلی ذمہ داری کمزور طبقات کا تحفظ ہے، انسانی وقار کسی انتخاب کا محتاج نہیں۔ پارلیمان میں جینڈر مین اسٹریمِنگ کمیٹی کے قیام اور خواتین کیلئے تیس فیصد ملازمتوں کی فراہمی کا عزم بھی ظاہر کیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اورکشمیری عوام سات دہائیوں سے حقِ خود ارادیت کے منتظر ہیں۔ اسپیکرقومی اسمبلی نے کہاپاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سےشدیدمتاثر ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں ایک لاکھ سے بڑھ چکی ہیں، اور ملک نے چالیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی کئی دہائیوں تک میزبانی بھی کی ہے ۔



















