نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے ملاقات کی جس دوران تجارت، سلامتی اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ڈاکٹرعلی لاریجانی نے اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق سے بھی ملاقات کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ڈاکٹر علی لاریجانی کا دفتر خارجہ میں استقبال کیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک ایران تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات پر مبنی قریبی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار اور علی لاریجانی نے تجارت، سلامتی، رابطہ کاری، توانائی اور عوامی سطح پر روابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی ملاقات کی، ایازصادق نے علاقائی امن،استحکام اورباہمی تعاون کومزید وسعت دینےکی ضرورت پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی اورعوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا مسلم ممالک کے درمیان اتحاد،یکجہتی اورمشترکہ لائحہ عمل بھی ضروری قرار دیا ۔ اسپیکر ایاز صادق نے ایران کے آئندہ ترقیاتی وژن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



















