سپریم کورٹ نے دو افراد کے قتل کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ چیف جسٹس نے خیبرپختونخوا پولیس کی تفتیش پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے پی پولیس میں اصلاحات کا بہت سنا تھا مگر تفتیش کا معیار بدترین ہے۔
تفصیلات کے مطابق دہرے قتل کے ملزم کی درخواست ضمانت پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے ملزم کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو التوا کے بغیر کیس کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ دو افراد قتل اور تین زخمی ہوئے،پولیس نے کیا تفتیش کی؟ کہا جاتا ہے کہ کے پی پولیس میں اصلاحات ہوئیں، مگر پولیس نے کیس میں زخمیوں کے بیانات ہی ریکارڈ نہیں کئے۔ وکیل نامی ملزم کے خلاف مردان میں دو افراد کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔