گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے پاکستان بینکنگ ایوارڈ 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم دسویں ایوارڈ کی تقریب منارہےہیں، ہمارا ہدف بیکنگ انڈسٹری کو مضبوط اور جدید بنانا ہے، اس خواب کو پانے کے لئے ہمیں محنت کرنی ہو گی، ہمارا بینکنگ سیکٹر منافع بخش ہے، حکومت نے اپنے اہداف پورے کیے اور گزشتہ سال سرپلس میں رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر کو ڈپازٹ کو بڑھانا،نوکریوں میں اضافے کے لئے کوشش کرنی ہے، اگلے 10 سال جدت کے ہیں جوبینکنگ سیکٹرز کو اپنانے ہیں، حکومت نے مسلسل 2 سال پرائمری سرپلس حاصل کر کے مالیاتی ہدف عبور کر لیا، مشکل معاشی حالات کے باوجود فِسکل مینجمنٹ میں نمایاں بہتری آئی، ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے بیرونی فنانسنگ کی رسائی بڑھنے کی امیدہے، حکومتی قرض لینےکی ضرورت کم ہونے کا امکان ہے۔
ان کا کہناتھا کہ بینکوں کو گھریلو قرضوں پر انحصار کم کر کے نئی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، نجی شعبے کے لیے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، کاروبار،صنعت اور گھرانوں کی فنانسنگ کی طرف توجہ دینے کی اپیل کرتا ہوں، بینک نجی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھا کر روزگار اور ترقی کو فروغ دیں، حکومت کے بانڈز پر آسان منافع پر انحصار بینکوں کے لیے خطرہ بن سکتاہے، بدلتے معاشی حالات سے ہم آہنگ نہ ہونے والے بینک پیچھےرہ جائیں گے۔
گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ بینکوں میں جدید ٹیکنالوجیز جیسےآرٹیفیشل انٹیلیجنس اور مشین لرننگ کا استعمال بڑھ گیا، یہ ٹولز قرضہ دینے کے طریقے اور رسک مینجمنٹ میں انقلاب لائیں گے، بینک اب روایتی کریڈٹ فائل اور ضمانتوں سے آگے دیکھ سکتے ہیں، ریئل ٹائم ڈیٹا سے صارف کی کریڈٹ اہلیت کا اندازہ ممکن ہوا، ڈیجیٹل اہداف،سپلائی چینز اور موبائل یا یوٹیلیٹی ڈیٹا استعمال کیا جا رہا ہے، آرٹیفیشل انٹیلیجنس بینکوں کی روایتی جانچ پڑتال میں خالی جگہیں پر کرے گا۔
جمیل احمد کا کہناتھا کہ اے آئی کے استعمال سے تیز رفتار منظوری اور کم اخراجات ممکن ہوں گے، اے آئی بیسڈ کریڈٹ اسکورنگ سے پہلی بار قرض لینے والوں کیلئے نئے مواقع ہیں، نوجوانوں اور خواتین کی مالی شمولیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، بینکوں کا"ون سائز فٹس آل" ماڈل اب مؤثر نہیں رہا، نئی ٹیکنالوجی کا رپوریٹ اور بڑے صارفین کیلئے بہتر سلوشنز فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کا بینکنگ ماڈل پائیدار اور زیادہ مؤثر ہونا چاہیے، جدت اورکارکردگی ہی مستقبل کے بینکوں کی کامیابی کا راستہ ہے، اےآئی پرمبنی فیصلے بینکنگ کے روایتی طریقوں کو بدل رہے ہیں۔
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے پاکستان بینکنگ ایوارڈ 2025 کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، جس دوران بینکنگ کے شعبے میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے بینکوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا، پاکستان بینکنگ ایوارڈ شو کی میزبانی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فائنانس نے کی،تقریب میں مختلف بینکوں سے تعلق رکھنے والے سربراہان اور نمائندے تقریب میں شریک ہوئے ۔



















