وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ 6 نومبر 1947 تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔ کشمیریوں کی قربانیاں ظلم و جبر کے خلاف استقامت اور آزادی کی علامت ہیں۔
یوم شہداء جموں و کشمیر کے موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی قربانیوں اور استقامت کی یاد دلاتا ہے۔ 1947 کو آج کے ہی دن ڈوگرہ فوج اور آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے جموں میں ظلم و بربریت کی انتہا کی، جس کے نتیجے میں دو لاکھ سے زائد مسلمان شہید ہوئے اور ہزاروں خاندانوں کو ہجرت پر مجبور ہونا پڑا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس منظم قتل عام نے جموں کی آبادی کا نقشہ ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔ کشمیری عوام نے ظلم و جبر کے خلاف تاریخ ساز جدوجہد کی اور ان کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صدر آئی پی پی نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور کشمیریوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔





















