قطر کے دارالحکومت دوحا میں ورلڈ سمٹ برائے سماجی ترقی کی سائیڈ لائن پر صدر پاکستان آصف علی زرداری نے عراق اور تاجکستان کے صدور سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس دوران باہمی تعلقات مضبوط تر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے سفیر برائے قطر بھی ملاقاتوں میں موجود تھے ۔
دوحا میں صدرمملکت آصف علی زرداری اور عراقی صدر ڈاکٹرعبداللطیف جمال رشید نے ملاقات میں دیرینہ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا ۔ پاک عراق صدور نے بزنس ٹو بزنس روابط اور ویزا سہولتوں میں اضافےپر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پراتفاق کیا گیا ۔
صدرآصف علی زرداری نے پاکستانی زائرین کیلئےعراقی حکومت کے تعاون کو سراہا ، عراقی صدر نے صدر پاکستان کو دورہ عراق کی دعوت دی۔ جسے قبول کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا وہ عراقی پارلیمانی انتخابات کے بعد جلد عراق کا دورہ کریں گے ، اس سے قبل تاجک ہم منصب امام علی رحمان سے ملاقات میں صدر آصف علی زرداری نے کہا تاجکستان کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور لسانی رشتوں پر مبنی تعلقات کو پاکستان انتہائی اہمیت دیتا ہے، صدر زرداری نے اسٹریٹجک پارٹنرشپ معاہدے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں گہرائی کا مظہر قرار دیا، تاجک سربراہ نے صدر پاکستان کو دورہ تاجکستان کی دعوت بھی دی جسے قبول کرلیا گیا ۔





















