پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 8نومبر تک توسیع کردی گئی ہے ،جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نےصوبہ بھرمیں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 یوم کی توسیع کردی،پنجاب میں ہر قسم کے احتجاج،جلسے،جلوس، ریلیوں،دھرنوں، اجتماع اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی برقرار ہے،دفعہ 144 کے تحت چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی ہوگی۔
پنجاب بھرمیں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پرمکمل پابندی عائد کی گئی ہے،دفعہ 144 کے تحت لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی ہے،پنجاب بھرمیں اشتعال انگیز،نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر مکمل پابندی ہے۔
دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کافیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا،حکومت پنجاب نے دہشت گردی اور امن عامہ کے خدشات کے پیش نظر احکامات جاری کیے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہےکہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازہ اورتدفین پر نہیں ہوگا، سرکاری فرائض کی انجام دہی پرموجود افسران و اہلکار اور عدالتیں پابندی سےمستثنیٰ ہیں،لاؤڈ سپیکر صرف اذان اورجمعہ کے خطبہ کیلئے استعمال کیےجاسکتے ہیں،سکیورٹی خطرات کےپیش نظرعوامی جلوس ودھرنا دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے،شرپسند عناصر عوامی احتجاج کا فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے ریاست مخالف سرگرمیاں کر سکتے ہیں۔



















