پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے سال 2025 کی تیسری سہ ماہی کیلئے ملک گیرکوالٹی آف سروس سروے مکمل کرلیا۔ سی ایم اوز کو نیٹ ورک کوریج، آواز کی خدمات اور موبائل براڈ بینڈ رفتار کی بنیاد پررینک کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ڈیٹا اپ لوڈ اور ڈاؤن لوڈ کے معیار میں مجموعی بہتری ریکارڈ کی گئی۔
پی ٹی اے کے جاری اعلامیے کے مطابق کوالٹی آف سروس سروے 17 شہروں اور دو شاہراہوں پرجولائی سے ستمبر 2025 کے دوران کیا گیا۔ سروے کا مقصد سیلولرموبائل آپریٹرزکی کارکردگی اورخدمات کےمعیارکاجائزہ لینا تھا۔ سروے کے دوران آواز، پیغامات اور موبائل انٹرنیٹ سروسزکی جانچ جدید خودکار نظام سےکی گئی۔
اعلامیے کے مطابق سی ایم اوز کی کارکردگی کاجائزہ نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز لائسنسز اور 2021 کےقواعد کےمطابق لیاگیا۔ چند علاقوں میں آواز سے متعلق کارکردگی مقررہ معیار سے کم پائی گئی جبکہ ایل ٹی ای کیریئرایگریگیشن اوروائس اوورایل ٹی ای استعمال کرنے والے نیٹ ورکس کے نتائج بہتر رہے، پی ٹی اے نے تمام سی ایم اوز کوخدمات کے معیار میں بہتری کیلئے اصلاحی اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔





















