آسٹریلیا کے ساحل سے جنگِ عظیم اول کے دوران سمندر میں پھینکی گئی بوتل سے 109 سال پرانے دو سپاہیوں کے خطوط ملے ہیں۔ بوتل وارٹن بیچ پر صفائی کے دوران ایک خاتون اور ان کی بیٹی کو ملی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، ڈیبرا براؤن اور ان کا خاندان ساحل کی صفائی کر رہا تھا جب ان کی بیٹی کو ایک پرانی شیشے کی بوتل ملی، جس کے اندر میلکم الیگزینڈر نیویل اور ولیم کرک ہارلے کے لکھے گئے خطوط موجود تھے۔ دونوں سپاہی 1916 میں جنگِ عظیم اول میں شریک تھے۔
میلکم نیویل کے خط سے معلوم ہوا کہ وہ جنوبی آسٹریلیا کے علاقے ولکاواٹ سے تعلق رکھتے تھے۔ڈیبرا براؤن نے سوشل میڈیا پر فیس بک کے ذریعے میلکم کے رشتہ دار ہربی نیویل سے رابطہ کیا۔
ہربی نیویل کے مطابق میلکم نیویل یہ پیغام لکھنے کے چند ماہ بعد فرانس میں لڑتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے پردادا میلکم نیویل کی بہادری کی کہانیاں اپنی دادی سے سنتے آئے ہیں۔





















