وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کے نئے آرگنائزیشن ڈیزائن اور جاب پروفائل تیاری کی ہدایت کر دی۔ ری اسٹرکچرنگ کا ٹاسک اے ایف فرگوسن کے سپرد کر دیا گیا، عبدالعلیم خان نے کہا کہ این ایچ اے کے ریونیو کو آئندہ تین سال میں پانچ سو ارب تک بڑھانا ہے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی تنظیم نو پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، عبدالعلیم خان نے ری اسٹرکچرنگ کے عمل کو دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔۔ اہم ٹاسک اے ایف فرگوسن ادارے کو سونپ دیا گیا۔
وزیر مواصلات نے کہا کہ افسران کا دائرہ اختیار اور ورکنگ ایریا کم سے کم ہونا چاہیے، افسران کی کارکردگی کا ہر تین ماہ بعد جائزہ لیا جائے، افسران کو چھوٹے یونٹس میں اپنی کارکردگی کی جوابدہی کا پابند ہونا چاہیے۔ عبدالعلیم خان نے گورننس کے فریم ورک کی تشکیل نو اور اس ماہ کے آخر میں دوبارہ اجلاس کی ہدایت بھی کر دی اور کہا این ایچ اے کے ریونیو کو آئندہ تین سال میں پانچ سو ارب تک بڑھانا ہے۔ ادارے کی بہتری کے لئے شارٹ اور لانگ ٹرم اقدامات اٹھائے جائیں۔ یہ قومی خدمت ہے، اور اداروں کی اصلاح ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔






















