امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات پر کام کرنے کا خواہاں ہے تاہم یہ تعلقات بھارت کےساتھ دوستی کی قیمت پر نہیں۔ یہ اقدام واشنگٹن کے انڈیا کے ساتھ طویل عرصے سے قائم تعلقات کو کمزور نہیں کرے گا۔
امریکی وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ تاریخی تنازعات کی وجہ سے کچھ خدشات ہو سکتے ہیں لیکن بھارت کوسمجھنا چاہئے کہ امریکا ایسے ممالک کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے جس کے ساتھ مشترکہ مفادات ہوں اور پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا موقع موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت بھی بعض ممالک سے تعلقات رکھتا ہے جن سے امریکا کے تعلقات نہیں۔ یہ سب سفارت کاری کا حصہ ہے۔
مارکو روبیو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلقات پاک بھارت جنگ سے پہلے ہی بہتر ہونا شروع ہوئے، اتحاد اور اسٹریٹجک شراکت داری کیلئے پاکستان سے ہم نے رابطہ کیا تھا، کئی معاملات ہیں جن پر ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں۔
امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کے ساتھ کئی معاملات پر طویل شراکت داری کی، ہم چاہتے ہیں اگر ممکن ہو تو اس تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے، پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینے کا موقع دیکھ رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات سے بھارت یا کسی اور ملک کو نقصان نہیں ہوگا، بھارت کو سمجھنا ہوگا ہمیں مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات رکھنا ضروری ہے۔






















