وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی 0.22 فیصد بڑھ کر سالانہ 5.3 فیصد تک جا پہنچی، گزشتہ ہفتے 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 6 اشیا سستی ہوئیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پیاز، انڈے، چینی، لہسن، کیلے، خشک دودھ، بیف، کوکنگ آئل، انرجی سیور اور جلانے کی لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا۔چکن، چاول، دال مونگ، گڑ، گندم کا آٹا اور ایل پی جی سستی ہونے والی اشیا میں شامل رہیں، گزشتہ ہفتے پچیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران ٹماٹر ایک سو اکیس فیصد، چینی 41 فیصد اور آٹا 18 فیصد مہنگا ہوا، گیس چارجز میں 30 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ہوا۔گزشتہ ہفتے چینی کی قیمت میں 3.77 فی کلو اضافہ ہوا جس کے بعد اوسط قیمت 188.81 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔
پشاور میں چینی سب سے مہنگی 210 فی کلو جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں 200 فی کلو فروخت ہوئی۔کراچی میں چینی کا ریٹ 195 ، لاہور میں 179 اور کوئٹہ میں 190 روپے فی کلو رہا۔ٹماٹر کی اوسط قیمت 329 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی جبکہ مختلف شہروں میں نرخ 320 سے 400 روپے فی کلو تک رہے۔ایک ہفتے میں زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 8 روپے فی کلو کمی کے بعد اوسط قیمت 319 روپے فی کلو ریکارڈ ہوئی۔



















