پاکستان ویمنز بیچ والی بال ٹیم نے بدھ کو سنٹرل ایشین ویمنز بیچ والی بال چیمپیئن شپ میں اپنے پہلے بین الاقوامی میچ میں کرغزستان کو شکست دے کر ایک بڑی کامیابی حاصل کی۔
گرلز ان گرین نے اپنے افتتاحی بین الاقوامی میچ میں نمایاں لچک اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور پہلا سیٹ 21-11 سے ہارنے کے باوجود زبردست واپسی کی ہے۔
دوسرے سیٹ میں گرین شرٹس نے وسطی ایشیائی ریاست کے خلاف 14-21 سے جیت کے ساتھ زبردست واپسی کی۔ فیصلہ کن اور آخری تیسرے سیٹ میں پاکستان نے مختصر برتری حاصل کی اور یہ سیٹ 13-15 سے جیت لیا۔
ٹیم اب اپنے دوسرے میچ کے لیے تیاری کر رہی ہےجو آج شام کو ہونا ہےجہاں وہ وسطی ایشیا چیمپئن شپ میں اپنے شاندار سفر کو آگے بڑھانے کی امید میں ازبکستان کا سامنا کرے گی۔
خیال رہے ٹیم نے پاکستان خواتین والی بال ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ اسلام آباد میں ایونٹ سے قبل ایک تیاری کے کیمپ میں حصہ لیا تھا۔
وہ مقابلے میں شرکت کے لیے اتوار کو دوحہ کے راستے بنگلہ دیش پہنچے۔ محمد زاہد بطور کوچ ٹیم کے ساتھ سفر کر چکے ہیں۔
یہ تقریب بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں ہو رہی ہے اور 15 ستمبر کو اختتام پذیر ہو گی۔ ایونٹ میں میزبان بنگلہ دیش اور پاکستان کے علاوہ بھارت، کرغزستان اور ازبکستان کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔