آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس کا آغاز دہشتگرد حملوں کے شہداء کیلئے فاتحہ سے کیا گیا ، اجلاس میں آرمی چیف نے پاک فوج کے حوصلے، عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز اور ابھرتے خطرات کا جائزہ لیا، فورم نے کہا کہ پاک فوج ہر سطح پر دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے تیار ہے، دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فورم نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اورع کہا کہ بھارتی جنگی جنون علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا کسی بھی نئے “نارمل” کا سامنا نئے اور سخت ردعمل سے کیا جائے گا، بھارتی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گرد تنظیموں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
کور کمانڈر کانفرنس میں ’’فتنہ الخوارج‘‘ اور ’’فتنہ الہندستان‘‘ کے نیٹ ورکس کے خاتمے کا عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر متحرک رہے گی۔ فورم نے پاکستان–سعودی عرب دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کا مشترکہ دفاعی تعاون علاقائی امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا گیا ۔
کورکمانڈر کانفرنس میں کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کا اعادہ اور فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی، فوری جنگ بندی اور امداد کی فراہمی پر زور دیا گیا ۔
کانفرنس میں فلسطین کے لیے دو ریاستی حل کی حمایت، القدس الشریف کو دارالحکومت قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ، آرمی چیف نے کمانڈرز کو نظم و ضبط، فٹنس اور آپریشنل تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہر طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔



















