پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے مسلم لیگ ن بلاول بھٹو زرداری کی وجہ سے ہی اقتدار میں ہے۔ جس دن پیپلز پارٹی نے کندھا ہٹا لیا یہ لوگ زمین پر آجائیں گے، لگتا ہے پنجاب حکومت وفاق کو کمزور کرکے وزیراعظم سے انتقام لینا چاہتی ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کے بجائے پنجاب حکومت پیپلز پارٹی کے پیچھے پڑ گئی۔
پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل میں پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات افضل ندیم چن نے کہا ہے بلاول بھٹو پر عظمیٰ بخاری کا الزام سیاسی بدنیتی ہے،وزیراعظم نے خود چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کارکردگی کو سراہا،بلاول بھٹو کو اعلیٰ کمیٹی کی سربراہی دینا وزیراعظم کے اعتماد کی علامت تھی۔
افضل ندیم چن نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بطور وزیر خارجہ پاکستان کا مؤقف مضبوطی سے پیش کیا،آج بلاول بھٹو پر ہی الزام لگانا افسوسناک اور احسان فراموشی ہے،پیپلزپارٹی کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے،شہباز شریف کو عظمیٰ بخاری کے بیانات کا سخت نوٹس لینا چاہئے۔
دوسری جانب پی پی رہنما شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا ہے پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کی مدد کی پیشکش کرتی ہے۔ پنجاب حکومت کو مدد چاہیے تو ہم تیار ہیں،یہ سیاست نہیں خدمت کا وقت ہے،بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو اجاگر کیا، پیپلزپارٹی سیلاب متاثرین کے لئے مدد مانگ رہی ہے،پنجاب حکومت حملے کررہی ہے۔






















