سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے سعودی عوام کو بھی قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کی اور سعودی قومی دن کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دین اسلام، تاریخ، اخوت اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کی ترقی۔ خوشحالی اور استحکام کے لیے بھی دعا کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب آج اپنا 95 واں قومی دن منا رہا ہے جس کے لیے اہم شاہراہوں کو قومی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ پاکستانی کمیونٹی بھی یوم الوطنی کی تقریبات سجا کر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کر رہی ہے۔
سعودی عرب کے 95 ویں قومی دن کو منانے کے لیے جہاں سعودی شہری پرجوش ہیں تو وہیں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین بھی یوم الوطنی کی تقریبات سجا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن سعودی عرب کی جانب سے منعقدہ یوم الوطنی کی تقریب میں شرکاء نے پرچم لہرا کر سعودی قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد دی۔






















