سوئی ناردرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام کی نااہلی اور غفلت سے قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان کا انکشاف ہوا ہے، کمپنی نادہندہ کمرشل و صنعتی صارفین سے 13 ارب 74 کروڑ روپے کی وصولی میں ناکام رہی۔
ایس این جی پی ایل کے آڈٹ کے دوران قومی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے، آڈٹ رپورٹ میں ایس این جی پی ایل انتظامیہ کو واجبات کی وصولی میں غفلت کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے نادہندہ کمرشل و صنعتی صارفین سے 13 ارب 74 کروڑ روپے وصولی کرنی تھی جس میں وہ ناکام رہی۔
رپورٹ کے مطابق عدم وصولی کا ذمہ دار ایس این جی پی ایل انتظامیہ کی غفلت کو قرار دیا گیا ہے، سوئی گیس کی چوری میں ملوث ان صارفین کے گیس میٹر منقطع کئے جاچکے ہیں، تمام ڈیفالٹرز عدالتوں سے بھی اپنے کیس ہار چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ارب 53 کروڑ کی وصولیوں کے کیس مختلف فورمز پر زیر التواء ہیں، ایس این جی پی ایل 3 ارب روپے سے زائد کے سیکیورٹی ڈیپازٹس کی وصولی میں بھی ناکام رہی۔
آڈیٹر جنرل پاکستان نے محکمے کو واجبات کی فوری ریکوری کی ہدایت کرتے ہوئے تحقیقات کے بعد ذمہ دار اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی بھی سفارش کردی۔