وزیراعظم سرکاری دورے پر کل امریکا پہنچیں گے۔ جہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ شہباز شریف اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ہمراہ امریکی صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار، دیگر وزراء بھی ہمراہ ہوں گے۔ شہبازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر آواز اٹھائیں گے، وزیراعظم غزہ میں جاری انسانی بحران اجاگر کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔ شہباز شریف فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کیلئے عالمی اقدامات کا مطالبہ کریں گے، علاقائی سلامتی،ماحولیاتی تبدیلی،دہشت گردی اوراسلاموفوبیا پر پاکستان کا مؤقف بھی پیش کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہبازشریف متعدد اعلیٰ سطح کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے، وزیراعظم سلامتی کونسل،عالمی ترقیاتی اقدام اور ماحولیاتی تبدیلی کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔
جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اسلامی ممالک کے منتخب رہنما امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم شہبازشریف بھی امریکی صدر سے ملاقات کرنے والے اسلامی رہنماؤں میں شامل ہوں گے۔ امریکی صدر سے ملاقات میں عالمی و علاقائی امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کریں گے، وزیراعظم ملاقاتوں میں سلامتی کونسل میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کریں گے۔






















