برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا نے فلسطین کو باضابطہ طور پر ریاست تسلیم کرلیا۔
برطانوی وزیراعظم کیئراسٹارمر کا کہنا ہے کہ دو ریاستی حل کی امید مدھم ہو رہی ہے لیکن ہم اس چراغ کو بجھنے نہیں دے سکتے، حماس کا کوئی مستقبل نہیں، حکومت میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔
کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کا کہنا ہے کہ آج کینیڈا فلسطین کو ایک ریاست مانتا ہے، موجودہ اسرائیلی حکومت فلسطینی ریاست کے قیام میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کا راستہ ہے۔ کینیڈا نے فلسطین کی حمایت انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی بنیاد پر کی۔
مارک کارنی نے کہا کہ مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور تشدد امن کے لیے خطرہ ہے، حماس کا مستقبل میں فلسطینی حکومت میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے فیصلے کو بہادرانہ قرار دیدیا، ترجمان کے مطابق فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا بین الاقوامی قانون کے مطابق ہے، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کا اقدام دو ریاستی حل کو بچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ امریکا جیسے بڑے ممالک کو بھی فلسطین کو تسلیم کرنا چاہیے۔






















