نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے افغان سرحد کے قریب عراقی خواتین کو ہراساں اور بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا ۔ کارروائی عراقی وزارت خارجہ کی درخواست پر کی گئی۔
این سی سی آئی اے پشاور سرکل نے اپر دیر میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مصطفیٰ خان کو گرفتار کیا۔ ملزم سوشل میڈیا پر خواتین سے رابطہ کرتا، شادی کا جھانسہ دیتا اور پھر ویڈیو کالز کے دوران ان کی تصاویر اور اسکرین شاٹس حاصل کرکے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتا تھا۔
ملزم نے عراقی خاندان کے اکاؤنٹ ہیک کرکے نجی ڈیٹا حاصل کیا،ملزم نجی ڈیٹا لیک کرنے کی دھمکیاں دیکر پیسے بٹورتا رہا، ملزم نے ایک بچی کےنام پر جعلی اکاؤنٹ بنا کرکچھ ڈیٹا پبلک بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق عراقی وزارتِ خارجہ نے اس معاملے پر ایک خصوصی مراسلہ ڈی جی این سی سی آئی اے کو ارسال کیا تھا، جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ صطفیٰ خان کو جس علاقے سے گرفتار کیا گیا، وہ افغان سرحد سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔






















