پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 41 رنز سے شکست دیتے ہوئے سپر فور مرحلے میں رسائی حاصل کر لی جہاں 21 ستمبر کو بھارت سے مقابلہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے 17.4 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے اور 41 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، یو اے ای کی جانب سے راہول چوپڑا 35 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے ، دھروو پراشار 20، محمد وسیم 14 اور علیشان شرافو نے 12 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور حارث رؤف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ صائم ایوب اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یو اے ای نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹو ں کے نقصان پر 146 رنز بنائے جس میں فخر زمان 50 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 29 رنز بنائے ، ان کے علاوہ سلمان آغا نے 20 سکور بنائے ۔ صاحبزادہ فرحان 5 ، صائم ایوب صفر، حسن نواز 3 ، خوشدل شاہ 4 اور محمد حارث نے 18 رنز کی اننگز کھیلیں۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے جنید صدیق نے 4 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ سیمرنجیت سنگھ نے 3 اور دھروو پراشار نے ایک وکٹ حاصل کی ۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث، فخر زمان، سلمان آغا، خوشدل شاہ، حسن نواز، محمد نواز، شاہین آفریدی، حارث روف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی ٹیم میں علیشان شرافو، محمد وسیم، آصف خان، محمد ذوہب ، ہرشت کوشک، راہول چوپڑا، دھروو پراشار، حیدر علی، محمد روہد خان، سیمرنجیت سنگھ،اور جنید صدیق شامل ہیں ۔
اینڈی پائیکرافٹ نے پاکستانی ٹیم اور مینجمنٹ سے معافی مانگ لی ہے اور اس ملاقات کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے ۔




















