آزاد کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کی آل پارٹیز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق میں فتح سے تحریک آزادی کشمیر کے حوصلے کو تقویت ملی، اور مسئلہ کشمیرعالمی منظرپر بھرپور طریقے سے اجاگر ہوا۔ آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے۔
اسلام آباد کے آزاد جموں و کشمیر ہاؤس میں آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے پڑھا۔ اے پی سی میں 21 ستمبرسے مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے اور جلسوں کا اعلان کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق معرکہ حق میں فتح سے نہ صرف تحریک آزادی کشمیر کے حوصلے بلند ہوئے بلکہ مسئلہ کشمیر عالمی منظرنامےمیں اجاگر ہوا۔ خفت مٹانے کیلئے مودی سرکاری پاکستان خصوصاً بلوچستان اور آزاد کشمیر میں، گڑ بڑ پیدا کرنے کی گھناؤنی سازشیں کررہی ہے، اس میں بھی ناکامی ہی بھارت کا مقدر ہوگی۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے،آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنےکی کسی بھی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
اے پی سی میں شریک تمام سیاسی جماعتوں نے افواج پاکستان سے بھرپور اظہار یکجہتی کےلیے عوامی رابطہ مہم اور جلسوں کا اعلان بھی کردیا۔ پہلا جلسہ 21 ستمبر راولاکوٹ اور دوسرا جلسہ 22 ستمبر باغ میں منعقد ہوگا۔
آل پارٹیز کانفرنس میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق، پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین، راجا فاروق حیدر، سردار تنویر الیاس اور دیگر شریک تھے۔






















