وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عسکری میدان میں شکست کے بعد بھارت اب کھیل کے میدان میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، یہ بھارت کی سبکی سے بچنے کی ناکام کوشش ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھ کہ ہم نے اپنی عسکری برتری ثابت کی ہے اور بھارت کے 6 طیارے مار گرائے، ہم نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس کے بعد بھارت کو جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی اور اب وہ کھیل کے میدان میں سیاست کر رہا ہے، ایک ایسی قوم جو اخلاقی طور پر دیوالیہ ہو اور جس کے پاس کوئی اقدار نہ ہوں وہ ہمیشہ اس طرح کے تماشوں کا سہارا لے گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، پاکستان نے خطے میں پائیدار امن کے لئے ہمیشہ موثر کردار ادا کیا ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کا نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ایک حریف ملک ہے جس کی پالیسیاں فریب اور دغا بازی پر مبنی ہیں۔ ”ابھرتے ہوئے بھارت“ کا جھوٹا تصور اور جنوبی ایشیاء میں دبنگ بننے کا کردار پاکستان نے چار روزہ جنگ میں نہایت موثر انداز میں ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ جب ایک جارح نے بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت کی تو پوری پاکستانی قوم یکجا ہوگئی اور ہمارے جواب نے دشمن کو نہ صرف پسپا ہونے پر مجبور کیا بلکہ اُس نے جنگ بندی کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی تاریخ لکھی جائے گی یہ چار روزہ جنگ ہمیشہ پاکستان کی ایک عظیم فتح کے طور پر یاد رکھی جائے گی جس میں پاکستان نے ایک استحکام بخش کردار ادا کیا اور ایک ایسی قوم کے طور پر سامنے آیا جس نے جنوبی ایشیاء میں حقیقی طور پر استحکام اور توازن پیدا کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے خطے میں اپنی بالادستی کے عزائم کی تکمیل کے لئے ہندوتوا نظریئے کو مزید پھیلانے کی کوشش کی تاہم یہ خواب اس وقت چکنا چور ہو گیا جب پوری پاکستانی قوم متحد ہو گئی اور خطے میں ایک نئی ڈیٹرنس قائم ہوئی۔






















