پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار بلے باز محمد یوسف کا بھارتی کپتان سوریا کمار سے متعلق حالیہ بیان کی حقیقت سامنے آگئی۔
گزشتہ روز ایشیا کپ کی ٹرانسمیشن "زور کا جوڑ" میں سوریا کمار سے متعلق گفتگو کے دوران محمد یوسف کی زبان پھسل گئی تھی، جس کے باعث وہ بھارتی کپتان کے نام کو صحیح طرح ادا نہ کرسکے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں ٹاس سے قبل میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے دونوں کپتانوں کو ٹاس کے بعد مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا، جس پر محمد یوسف اپنی رائے کا اظہار کررہے تھے۔
دوسری جانب محمد یوسف کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم پیسوں کیلئے کھیل رہی ہے، یہ اپنی قوم کو بے وقوف بنارہے ہیں۔ پاکستان بورڈ ایشیاکپ کا بائیکاٹ کرتا ہے تو اچھی بات ہے، پوری قوم کو بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونا چاہئے۔
واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے کی جانے والی خفیہ انٹرنل تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے بھارت کے خلاف کھیلے گئے حالیہ میچ کے دوران جانبداری کا مظاہرہ کیا اور بھارتی حکام کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات میں واضح طور پر دیکھا گیا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے میچ کے دوران متعدد بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ ٹاس کے وقت میچ ریفری نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو مائیک بند کرکے بات سننے کا کہا جو ضوابط کے خلاف اقدام تھا۔
مزید انکشاف ہوا ہے کہ میچ ریفری نے سلمان آغا کو بھارتی کھلاڑی سوریا کمار یادیو سے ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت میچ ریفری کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ براہ راست کھلاڑیوں یا کپتان کو میدان میں مخصوص احکامات جاری کرے۔






















