بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا یوم وفات آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے
آج مختلف تقریبات میں بابائے قوم کو بھرپور طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا جائے گا،بانی پاکستان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی ہوگی۔
25 دسمبر 1876 کو کراچی میں آنکھیں کھولنےوالے محمد علی جناح نےابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام سےحاصل کی،اورپھر قانون کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کےلیےبرطانیہ چلے گئے،1896 میں بیرسٹر بن کرہندوستان واپس لوٹے،1904میں انڈین نیشنل کانگریس کے اجلاس میں شرکت کرکےسیاست کا آغاز کیا،1906 میں کانگریس کےرکن بنے،1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ کی رکنیت حاصل کی،1916 میں جناح کی کاوشوں سے ہی میثاق لکھنو طے پایا،اور پہلی مرتبہ برصغیر کے مسلمانوں کی الگ حیثیت تسلیم کی گئی۔
1920 میں کانگریس سے علیحدگی اختیار کی،اب جناح کو برطانوی راج سے آزادی کے ساتھ ساتھ تنگ نظر ہندو اکثریت سے نجات کی جنگ لڑنا تھی،1928 میں نہرو رپورٹ میں کانگریس نے میثاق لکھنو کی خلاف ورزی کی،1929 میں قائد اعظم کے 14 نکات مسلمانوں کی نمائندہ ڈھال بن کر سامنے آئے،1935 میں آل انڈیا مسلم لیگ کو منظم کرنے کا بیڑہ اٹھایا۔
جناح کی قیادت میں مسلم لیگ نے 23 مارچ 1940 کو لاہور جلسےمیں وہ دستاویز منظور کی جسے قرار داد پاکستان کا نام دیا گیا،قائداعظم کی انتھک جہدوجہد اورمسلمانوں کے جذبہ آزادی کی بدولت 14 اگست 1947 کو پاکستان وجود میں آیا ۔
بائے قوم 11 ستمبر 1948 کو کراچی میں خالق حقیقی سے جاملے ،اورقوم کو اتحاد، ایمان اورتنظیم جیسے سنہری اصول دے گئے۔






















