یوم دفاع و شہدا پر جی ایچ کیو راولپنڈی اور ملک بھر کے کور ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس دوران شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق 60ویں یوم دفاع و شہدا کا وفاقی دارالحکومت میں اکیس توپوں کی سلامی سے آغاز ہوا، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں ، جنگ ستمبر میں فتح کی یاد میں جی ایچ کیو راولپنڈی اور کور ہیڈکوارٹرز میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا، فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی جانب سے چیف آف جنرل سٹاف نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
تقاریب میں اعلیٰ فوجی افسران نے شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ کوئٹہ چھاؤنی میں منعقدہ تقریب میں گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی بھی شرکت ، نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی شہدا کو سلام عقیدت پیش کیا گیا ۔ فوجی افسروں اور جوانوں کے علاوہ شہدا کے ورثا نے بھی تقاریب میں شرکت کی ۔
پشاور ، لاہور ، بہاولپور، ملتان ، کھاریاں اور دیگر گیریژنز میں بھی خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا، گوادر میں بھی فوجی اور عام شہری وطن سے محبت کیلئے ہم آواز ہوئے، پاک بحریہ نے بھی یومِ دفاع عقیدت اور ملی جوش و جذبے سے منایا ، نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نےیادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ پاک بحریہ کےجہازوں اور یونٹس کی روایات کےمطابق تزئین و آرائش بھی کی گئی ۔






















