وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں اعلیٰ چینی کاروباری شخصیات سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کاؤنسل ( ایس آئی ایف سی ) سرمایہ کاری میں رکاوٹوں کو دور کرنے اور بی ٹو بی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
شہباز شریف نے صنعتی تعاون کو پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات کا بنیادی ستون قرار دیا اور کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ملاقات میں ٹیکسٹائل، آئی ٹی، زراعت، صنعت، کان کنی، معدنیات، سڑکوں اور ڈیجیٹل روابط سمیت ای کامرس اور خلائی ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے چینی اداروں کو صنعتوں کی خصوصی اقتصادی زونز میں منتقلی اور سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہنرمند اور سستی افرادی قوت کے ساتھ کم لاگت خام مال دستیاب ہے جس سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔
انہوں نے سرمایہ کاروں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے اور صنعتی شراکت داری کو مزید آسان بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔



















