خیبر پختونخوا حکومت نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے 35 ٹرک سامان افغان حکومت کے حوالے کردیا ۔امدادی سامان میں دو ٹرک ادویات بھی شامل ہیں ۔پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ یہ بروقت امداد متاثرین کے لئے قیمتی سہارا ثابت ہوگی۔
پشاور میں پی ڈی ایم اے وئیر ہاؤس میں منعقد تقریب میں افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ ،معاون خصوصی برائے ریلیف نیک محمد اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شھاب علی شاہ نے شرکت کی۔ تقریب میں امدادی سامان افغان حکومت کے حوالے کیا گیا۔
امدادی سامان میں 500 سرد موسم سے بچاؤ کے ٹینٹس ، 500 فیملی سائز ٹئینٹس،ایک ہزار ترپال، 500 کمبل اور 1500 رضائیاں شامل ہیں۔ 1500 گدے اور 3 ہزار تکئے بھی امداد سامان میں شامل ہے۔ سامان زلزلہ متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کرنے اور انہیں موسم کی سختیوں سے بچانے کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت کی جانب سے ریلیف، تعاون اور مدد کا سلسلہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی تک جاری رہے گا۔
افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر نے حکومتِ خیبر پختونخوا کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ امداد دونوں برادر ممالک کے درمیان خیرسگالی اور بھائی چارے کے رشتے کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایک قابلِ قدر اقدام قرار دیا۔






















