پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 49 گرڈ اسٹیشن اور 487 فیڈرز متاثر ہوئے، اب تک 222 فیڈرز مکمل جبکہ 127 جزوی طور پر بحال کر دیئے گئے ہیں، 16 لاکھ سے زائد متاثرہ صارفین میں سے 12 لاکھ 66 ہزار کی بجلی بحال ہوگئی۔
پاور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ سوات، بونیر، شانگلہ، صوابی اور ڈی آئی خان کے 12 گرڈ اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے، پشاور الیکٹرک کمپنی کے 85 فیڈرز مکمل اور 6 جزوی طور پر بحال کیے گئے، جس سے 4 لاکھ 59 ہزار صارفین کو بجلی فراہم کر دی گئی، باقی 3 ہزار 454 اور صارفین کی بجلی 4 سے 11 ستمبر کے دوران بحال کی جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوابی اور ڈی آئی خان میں بجلی کی بحالی کا کام مکمل ہوچکا ہے، گوجرانوالہ الیکٹرک کمپنی کے 103 متاثرہ فیڈرز میں سے 83 مکمل اور 13 جزوی طور پر بحال ہوئے، جس سے 6 لاکھ 31 ہزار سے زائد صارفین کو بجلی فراہم کردی گئی، ایک لاکھ صارفین کی بجلی پانی اترنے کے بعد بحال ہوگی۔
پاور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب کے 31 فیڈرز مکمل جبکہ 36 جزوی طور پر بحال ہوئے، لیسکو کے ساڑھے 59 ہزار صارفین کیلئے بجلی فراہم کردی گئی جبکہ باقی متاثرہ صارفین کی بجلی 5 ستمبر تک بحال کردی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ڈی آئی خان میں 76 فیڈرز متاثر ہوئے، ان میں سے 18 مکمل اور 54 عارضی طور پر بحال کردیئے گئے، جس سے 93 ہزار صارفین کو بجلی فراہم کر دی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملتان الیکٹرک کمپنی کے علاقوں میں 154 فیڈرز متاثر ہوئے، جس سے 88 ہزار صارفین بجلی سے محروم ہوئے، پانی اترتے ہی بحالی کا عمل شروع ہوگا، ہزارہ الیکٹرک کمپنی کے زیرانتظام مانسہرہ کے تینوں متاثرہ فیڈرز مکمل طور پر بحال کردیئے گئے ہیں۔






















