پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کالاباغ ڈیم اور صدارتی نظام حکومت سے متعلق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان کو اُن کی ذاتی رائے قرار دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم اور صدارتی طرز حکومت سے متعلق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا بیان انکی ذاتی رائے ہے، پی ٹی آئی کی پالیسی کا عکاس نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کالا باغ ڈیم تب تک نہیں بننا چاہیے جب تک تمام صوبوں کا اُس پر اتفاق نہیں ہوجاتا اگر ایسا نہ ہوا تو وفاق کو نقصان ہوگا۔ کالا باغ ڈیم پر تمام صوبوں کا اتفاق ضروری ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ منصوبہ جس پر 2 صوبوں کے تحفظات ہوں وہ وفاق کے لیے اچھا نہیں، سیاسی ہم آہنگی اور سب کے مطمئن ہونے تک کوئی منصوبہ نہیں بناناچاہیے۔ کالا باغ ڈیم کے حوالے سے کسی کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے،پارٹی پالیسی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدارتی نظام کی بات بھی ہرگز تحریک انصاف کی پارٹی پالیسی نہیں ہے، موجودہ پارلیمان کوئی آئینی ترمیم نہیں کر سکتی، یہ فارم 47کی اسمبلی ہے، پارلیمانی کے بجائے صدارتی نظام رائج کرنا اس اسمبلی کا استحقاق نہیں۔ موجودہ پارلیمان کے ذریعے کی گئی کوئی آئینی ترمیم قبول نہیں۔






















