پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بیجنگ میں ہونگٹا سیکیورٹیز کے چیئرمین جنگ فینگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کا مالیاتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی مثبت ہے۔ حکومت مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور اصلاحاتی عمل جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔
محمد اورنگزیب نے ملاقات میں بتایا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے۔موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ سی اے اے ٹو سے بڑھا کر سی اے اے ون کر دی ہے جبکہ فچ اور ایس اینڈ پی نے بھی پاکستان کی ریٹنگ کو منفی بی پر اپ گریڈ کیا ہے۔ پاکستان کی معاشی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا گیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ عالمی اور چینی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعلقات مزید فروغ پائیں گے اور پاکستان و چین کے درمیان مالیاتی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔






















