غزہ میں اسرائیلی حملے میں القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ شہید ہوگئے، فلسطینی ذرائع نے شہادت کی تصدیق کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں زمین، فضاء اور سمندر سے میزائلوں کی بارش کردی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 77 افراد شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 63 ہزار 371 تک پہنچ گئی۔
اسرائیل فوج نے غزہ پر حملے میں القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی ذرائع نے القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی تصدیق کردی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ابوعبیدہ کے زیر استعمال فلیٹ پر بمباری کی، اسرائیلی حملے میں فلیٹ میں موجود تمام افراد شہید ہوگئے، ابوعبیدہ کے اہلِ خانہ اور القسام قیادت نے لاش کی شناخت کردی ہے۔
اسرائیلی اعلان اور میڈیا رپورٹس
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ہفتے کو اعلان کیا تھا کہ غزہ میں حماس کی ایک نمایاں شخصیت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخائی ادرعی نے ’ایکس‘ پیغام میں لکھا کہ غزہ شہر کے شمالی حصے میں حماس کے ایک "مرکزی رکن" پر فضائی حملہ کیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس کارروائی کا ہدف القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ تھے اور ان کے مطابق 95 فیصد امکان ہے کہ یہ کارروائی کامیاب رہی ہے۔
اسرائیلی چینل 12 نے بتایا تھا کہ ابو عبیدہ کی موجودگی کی ابتدائی معلومات جمعہ کی شام ملی تھیں اور ہفتہ کی شام ساڑھے 5 بجے یہ کارروائی انجام دی گئی۔
نیتن یاہو
نیتن یاہو کے مطابق غزہ آپریشن کے دوران ایک اور اسرائیلی قیدی کی لاش مل گئی ہے، حماس کی قید میں موجود اسرائیلیوں کی تعداد 48 رہ گئی۔
دوسری جانب تل ابیب میں نیتن یاہو کے خلاف احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ یمن کی حوثی انتظامیہ نے اسرائیلی بمباری سے وزیراعظم احمد غالب اور وزراء کی شہادت کی تصدیق کردی۔





















