آن لائن گیمنگ سے درپیش خطرات، بچوں کا تحفظ کیسے کریں؟ نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے آگاہی مہم کا آغاز کردیا۔ نیشنل سرٹ نے والدین کے لیے ہدایت نامہ بھی جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق والدین بچوں کی آن لائن گیمز کیلئے مانیٹرنگ ٹولز استعمال کریں، والدین بچوں کی تربیت کریں کہ وہ ذاتی معلومات کسی سے شیئرنہ کریں، بچوں کو اس قابل بنائیں کہ وہ ڈیجیٹل دنیا میں خود کو محفوظ رکھ سکیں۔
نیشنل سرٹ کے مطابق آن لائن گیمز سے بچے والدین کی اجازت کے بغیر مالی لین دین میں ملوث ہوجاتے ہیں، کچھ گیمز تشدد، گالم گلوچ، غیراخلاقی مواد کے باعث بچوں کی سوچ پرمنفی اثرڈالتی ہیں، آن لائن گیمز میں تفریح کے ساتھ کئی خطرات اور مسائل ہیں ، آن لائن گیمز کے خطرات کو نظر انداز کرنا بچوں کے لیےنقصان دہ ہو سکتاہے۔
اعلامیے کے مطابق آن لائن گیمز دھوکہ دہی اور اسکیمز کا بھی ذریعہ ہیں، مفت سکوں اور انعامات کے لالچ میں بچے ہیکرز اور اسکیمز کا شکار ہوسکتے ہیں، جعلی اکاؤنٹس سے معصوم بچوں سے دوستی کرکے انہیں استعمال کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔






















