عمان نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ایشیا کپ میں شرکت کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت تجربہ کار اوپنر جاتندر سنگھ کریں گے۔
خیال رہے کہ عمان کو گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور میزبان متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ٹیم میں چار نئے کھلاڑی سفیان یوسف، ذکریا اسلام، فیصل شاہ اور ندیم خان شامل کیے گئے ہیں۔
ہیڈ کوچ دلیپ مینڈس نے ٹیم کی تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ حقیقت ہے کہ ہم ایشیا کپ جیسے بڑے ایونٹ میں کھیل رہے ہیں جو ہمارے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں عالمی سطح پر دکھانے کا سنہری موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان جیسی ٹیموں کے خلاف کھیلنا کسی بھی کرکٹر کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
مینڈس کے مطابق ایلیٹ ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے لیے صرف مہارت ہی نہیں بلکہ ذہنی مضبوطی بھی درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہے اور ایشیا کپ عمان کے لیے اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا موقع ہوگا۔
اسکواڈ
جاتندر سنگھ ( کپتان ) ، حماد مرزا، وینائک شکلا، سفیان یوسف، اشیش اودیدیرہ ، عامر کلیم، محمد ندیم، سفیان محمود، آریان بشت، کرن سوناوالے، زکریا اسلام، حسنین علی شاہ، فیصل شاہ، محمد عمران، ندیم خان، شکیل احمد، سامے شریواستوا۔






















