وزیراعظم شہباز شریف نے دریا ستلج میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن تیز اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نگرانی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہبازشریف نےچیئرمین این ڈی ایم اےکو ہدایات کی کہ دریا ستلج میں سیلابی صورتحال سے پنجاب کےمتاثرہ اضلاع سے پھنسے ہوئے افرادکو نکالنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، متاثرین کو خوراک، ادویات اور خیمے فراہم کئے جائیں۔
وزیراعظم نےکہاکہ پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشنزکو مزید تیز کیا جائے اور متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں،چیئرمین این ڈی ایم اے کو پنجاب کے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے پنجاب،آزادکشمیر کمختلف اضلاع میں متوقع شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا،پنجاب میں گجرات،گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور قصورمیں شدید بارشوں کا امکان ہے،اگلے12سے24 گھنٹوں میں جہلم،چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، ننکانہ صاحب،چونیاں،پاکپتن میں شدید بارشیں متوقع ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کےمطابق شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال سمیت ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی صورتحال بھی متوقع ہے۔
آزادکشمیر کےاضلاع بشمول نیلم ویلی،باغ،کوٹلی،راولاکوٹ،مظفرآباد،حویلی میں بارش متوقع ہے، بارشوں سےنشیبی علاقوں میں سیلاب،ندی نالوں میں طغیانی اورپہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے،پہاڑی نالوں میں پانی کاتیزبہاؤ رابطہ سڑکوں پرٹریفک کی روانی کو متاثرکرسکتا ہے۔






















