راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی اڈے پر بس نے 3 راہ گیروں کو کچل دیا ، افسوسناک حادثے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت چالیس سالہ ارشاد حسین کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمیوں میں ستائیس سالہ بلال اور انیس سال کا عزیز شامل ہیں۔ لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور بس اسٹارٹ کرکے نیچے اتر گیا اور خاتون ہوسٹس نے بس چلانے کی کوشش کی جو بے قابو ہوگئی۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ پیرودھائی اڈے پر پیش آیا، حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم روڈ ہوسٹس اور بس کے مالک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس بے قابو ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں اور واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔






















