القسام بریگیڈ کے حملے میں اسرائیلی فوج کے کمانڈر سمیت بڑی تعداد میں فوجی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ زخمی کمانڈر کی حالت تشویشناک ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق القسام بریگیڈ نے صہیونی فوج کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مرکاوا ٹینک کو نشانہ بنایا جبکہ کئی مقامات پر مارٹر گولوں سے بھی حملے کئے گئے۔
اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ القسام بریگیڈ کے حملوں میں کمانڈر سمیت بڑی تعداد میں فوجی زخمی ہوئے ہیں، زخمی کمانڈر کی حالت تشویشناک ہے، زخمی فوجیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ صحت غزہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 58 فلسطینی شہید اور 185 زخمی بھی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی درندگی میں 22 ماہ کے دوران شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 62 ہزار 122 تک پہنچ گئی جبکہ ایک لاکھ 56 ہزار 758 فلسطینی زخمی بھی ہیں۔
اسرائیلی وحشیانہ کارروائی کے ساتھ ساتھ غزہ کے شہریوں کو قحط کا شکار کرکے بھوک سے مارنے کا ظالمانہ اقدام بھی جاری ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غذائی قلت سے مزید 3 فلسطینی جاں بحق ہوگئے، گھوک سے مرنے والوں کی تعداد 269 تک پہنچ گئی، جن میں 112 بچے بھی شامل ہیں۔





















