بدين میں برطانيہ کےبلڈنگ ریزیلیئنس اینڈ ویلیوونگ امپاورمنٹ پروگرام نے سیلاب سے متاثرہ سکول کو تعليم اور پناہ کے لئے محفوظ مقام ميں تبديل کرديا۔ 2024 کے تباہ کن سيلاب نے بدين ميں گھروں کو تباہ اور تعليم کو روک ديا تھا ليكن گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول (جی جی پی ایس ) چنری تحفظ اور اميد کی علامت بن کر ابھرا ہے۔چنری گاؤں کا یہ سکول جو پہلے بار بار آنے والی آفات سے نمٹنے کے لئے ناکافی تھا، اب برطانيہ کے تعاون سے بلڈنگ ریزیلیئنس اینڈ ویلیوونگ امپاورمنٹ پروگرام کے تحت تعليم اور پناہ کے لئے محفوظ جگہ بن گيا ہے۔
2024 کا سيلاب چنری گاؤں کے لئے پہلا امتحان نہيں تھا، ہر بار جب آفت آئی، خاندانوں نے سکول ميں پناہ لی جہاں 175 افراد تک محدود جگہ ميں سمٹ جاتے تھے ليکن حالات بہت خراب تھے۔ استاد اور سماجی کارکن فہيم علی ميمن نے بتايا کہ نہ ٹوائلٹ تھے، نہ صاف پانی، نہ بجلی، عورتيں اور بچے سب سے زيادہ متاثر ہوتے تھے۔اب یہ حقيقت بدل چکی ہے،بلڈنگ ریزیلیئنس اینڈ ویلیوونگ امپاورمنٹ پروگرام کے تحت جو کہ کنسرن ورلڈ وائیڈ اور سمی فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر عمل ميں لايا گيا، سکول ميں فعال ٹوائلٹس، ہاتھ دھونے کے سٹيشنز اور صاف پینے کے پانی کے لئے ہينڈ پمپ لگائے گئے ہيں۔
5 کلوواٹ کا سولر پاور سسٹم بجلی کی بندش کے دوران بھی لائٹس اور پنکھوں کو چلتا رکھتا ہے جس سے خاندانوں کو آفات ميں ٹھنڈک، تحفظ اور رابطہ ميسر ہے۔ ان بہتریوں نے نہ صرف آفات کے ردعمل کو بہتر کيا بلکہ تعليم کو بھی نئی زندگی دی۔ سکول کے ہائيجين کلب کی سربراہی ميں ہائيجين سيشز بچوں ميں صحت مند عادات پيدا کر رہے ہيں جو وہ اپنے خاندانوں تک پہنچاتے ہيں،سکول ميں داخلے ميں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے اور زيادہ لڑکياں باقاعدگی سے سکول آرہی ہيں۔مقامی بزرگ معراج نے کہا کہ اس تعاون نے ہمارے حوصلے بڑھائے ہیں، اب جب سيلاب آتا ہے ہماری عورتيں اور بچوں کے لئے صاف جگہ موجود ہے، یہ صرف پناہ گاہ نہيں بلکہ ہمیں تحفظ ديتی ہے۔
ہیڈ مسٹریس ريتا نے تبديليوں کی تعريف کرتے ہوئے کہا کہ ان اپ گريڈز نے تعليم اور آفات کی تیاری دونوں کو مضبوط کيا ہے، اب ہمارے پاس ہر وقت بجلی، پانی اور صفائی کی سہولتيں ہيں،ہم آفات کے دوران بھی رابطے ميں رہ سکتے ہيں اور قبل از وقت انتباہ حاصل کر سکتے ہيں۔چنری کے لوگوں کے لئے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول اب صرف سکول نہيں رہا۔ یہ تحفظ ، تعليم کا مرکز اور اميد کی بحالی کی جگہ ہے۔
ايک ايسے ضلع ميں جہاں سيلاب اکثر خوف اور نقل مکانی لاتے ہيں، بلڈنگ ریزیلیئنس اینڈ ویلیوونگ امپاورمنٹ پروگرام نے دکھايا کہ ہدفی امداد مستقبل کو کس طرح محفوظ بنا سکتی ہے۔اس سال کی مون سون بارشيں ملک بھر میں خطرہ بنی ہوئی ہيں ليکن امپاورنٹ پروگرام کمزور علاقوں کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے اور دوبارہ آفت آنے کی صورت ميں قومی سطح پر ردعمل کے لئے تيار ہے۔





















