سیکیورٹی فورسز نے یوم آزادی پر بلوچستان میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، ملک دشمنوں کے پراجیکٹ ’’ہیروف ٹو‘‘ کا ماسٹر مائنڈ پکڑا گیا۔ ویڈیو بیان میں گرفتار دہشت گرد نے ریاست سے غداری اور دہشت گردوں کی سہولت کاری کا اعتراف کرلیا۔ بتایا دہشت گردی کیلئے ٹیلی گرام ایپلی کیشن استعمال کرتے تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر حملے میں بھی یہی لوگ ملوث تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اہم پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے یوم آزادی پر بلوچستان میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، کالعدم بی ایل اے کا سہولت کار پروفیسر گرفتار کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس میں گرفتار دہشتگرد عثمان قاضی کا اعترافی ویڈیو بیان دکھا دیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر حملے میں بھی یہی لوگ ملوث تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ منظم انداز میں ملک کو توڑنے کی سازش کی جارہی ہے، محرومیوں کی جو داستان سنائی جاتی ہے، اس میں کچھ سچ نہیں، دہشت گردوں کے سہولت کار شہروں میں ہوں یا پہاڑوں پر انجام تک پہنچائیں گے، جبری گمشدگی کی باتیں ریاست مخالف پروپیگنڈے کا حصہ ہیں۔
گرفتار دہشت گرد کا اعترافی ویڈیو بیان
گرفتار دہشتگرد عثمان قاضی نے فورسز کیخلاف کارروائیوں اور یوم آزادی پر دہشت گردی کے بڑے منصوبے کا اعتراف کرلیا۔ ویڈیو بیان میں کہا کہ موٹر سائیکل پر دہشتگرد کو منزل پر پہنچایا، پولیس مقابلے میں زخمی دہشت گرد کو پناہ بھی دی، حربیار مری سے رابطے میں تھا۔
عثمان قاضی کا کہنا ہے کہ مجھے حربیار مری کی طرف سے اہداف بتائے جاتے تھے، ریاست نے عزت اور وقار دیا، غداری کرنے پر شرمندہ ہوں۔
واضح رہے کہ یوم آزادی پر خفیہ اداروں نے بروقت کارروائی کرکے ملک دشمنوں کا پراجیکٹ ’’ہیروف ٹو‘‘ ناکام بناتے ہوئے ماسٹر مائنڈ کو بھی گرفتار کیا۔
گرفتار دہشت گرد نے 2024ء کے ریلوے اسٹیشن حملے کی منصوبہ بندی اور 32 خودکش بمباروں کو تربیت دینے کا اعتراف بھی کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ’’ہیروف ٹو‘‘ میں 32 خودکش بمبار شامل تھے، چار بارود سے بھری بھری گاڑیوں کا بھی استعمال کیا جانا تھا، بڑے دہشتگرد منصوبے میں کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف اہم شہروں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تھا۔






















