وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ممکنہ طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ڈی ایم اے، پنجاب انتظامیہ، پولیس، اور ریسکیو اداروں کو ضروری پیشگی اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
خاص طور پر مری، راولپنڈی، چکوال، جہلم، اور کوہ سلیمان کے اضلاع میں خصوصی حفاظتی اقدامات کا حکم دیا گیا ہے۔
حفاظتی اقدامات کے تحت مری اور ملحقہ علاقوں کی طرف سیاحتی سفر پر پابندی عائد کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو فوری طور پر فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کے فوری انخلاء کو یقینی بنانے اور دریاؤں و ندی نالوں کے کناروں پر پولیس پٹرولنگ بڑھانے کے احکامات بھی دیے ہیں۔
مریم نواز نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے روکیں تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔






















