عمان نے کلچر اینڈ سائنٹیفک کو آپریشن پروگرام کے تحت پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل طور پر فنڈڈ اسکالر شپ کا اعلان کردیا۔ رپورٹ کے مطابق 23 سال کی عمر تک کے ایف اے پاس طلبہ درخواستیں دینے کے اہل ہوں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمان حکومت نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے طلبہ کیلئے مکمل طور پر فنڈڈ اسکالر شپ کا اعلان کردیا، جو منتخب مضامین میں بیچلر کی ڈگری حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے، درخواستیں کلچر اینڈ سائنٹیفک کوآپریشن پروگرام کے تحت طلب کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسکالر شپ کے تحت طلبہ عمان بھر کے سرفہرست ہائر ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹس میں انجینئرنگ، ہیومنیٹیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس بشمول میڈیسن کی ڈگری کیلئے تعلیم حاصل کرسکیں گے۔
اسکالر شپ میں شامل سہولیات
ٹیوشن فیس کی مکمل چھوٹ
ماہانہ وظیفہ، 200 عمانی ریال (اگر رہائش فراہم نہیں کی گئی)، 140 عمانی ریال (مفت رہائش کے ساتھ)
ہر تعلیمی سال میں اپنے ملک ایک راؤنڈ ٹرپ، ہوائی ٹکٹ
تین یونیورسٹیوں اور دو تعلیمی اداروں کے انتخاب کی سہولت
کون لوگ درخواست دینے کے اہل ہونگے؟
اہلیت کے معیار کے مطابق درخواست دہندگان کا پاکستانی شہری ہونا ضروری ہے، جس کی عمر 23 سال یا اس سے کم ہو، طالبعلم نے انٹرمیڈیٹ یا اس کے مساوی اہلیت (گریڈ 12) گزشتہ تین سالوں میں مکمل کی ہو اور طبی لحاظ سے فٹ ہو، عمان کی وزارت تعلیم سے مساوی تعلیم کا سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہے۔
مطلوبہ دستاویزات
طالب کیلئے مطلوبہ دستاویزات میں ایک قابل قبول پاسپورٹ، تعلیمی سرٹیفکیٹ، عمانی مساوات کا سرٹیفکیٹ اور انگریزی زبان کی مہارت کے نتائج (اگر دستیاب ہوں) شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق درخواست گزار کی تمام گزارشات انگریزی میں ہونی چاہئیں، فائل کے سائز کیلئے مخصوص حد بھی مقرر کی گئی ہے، جس کے مطابق پی ڈی ایف 2 ایم بی اور تصاویر کیلئے ایک ایم بی تک ہونی چاہئیں اور فائل ناموں میں خصوصی حروف (اسپیشل کیریکٹر) سے گریز کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔






















