پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب میں بھی کلاؤڈ برسٹنگ کے خدشات ہیں، مون سون کے ساتویں اسپیل میں طوفانی بارشیں ہوں گی، مختلف دریاؤں میں نچلے اور درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون فلڈ کی صورتحال سے متعلق فیکٹ شیٹ جاری کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مری، راولپنڈی، سیالکوٹ اور بہاولپور میں بارش ہوئی، آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بالائی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے خدشات ہیں، مون سون کے ساتویں اسپیل میں طوفانی بارشیں ہونگی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دریائے سندھ میں تربیلا اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے جبکہ دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
انہوں نے کہا کہ دریائے چناب، جہلم اور راوی میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، تربیلا ڈیم 98 فیصد اور منگلا ڈیم 68 فیصد تک بھر چکا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 164 شہری جاں بحق اور 582 زخمی ہوئے، 121 مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔





















