سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت 23 نومبر تک ملتوی ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی جس کے دوران ملزم کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ فواد چوہدری اڈیالہ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، لہذا پیش نہیں ہوسکتے۔
عدالت نے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ فواد چوہدری کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج ہے۔