گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ آج کے دن تجدید کریں کہ نسلوں کے معاشی مستقل کو مضبوط بنائیں گے۔
یومِ آزادی کے موقع پر اسٹیٹ بینک میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر اسٹیٹ بینک نے پرچم کشائی کی، جمیل احمد نے شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا۔
تقریب سے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک نے تمام پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی، کہا پاکستان کو گزشتہ چند سالوں میں مالی مشکلات کا سامنا رہا ہے، گزشتہ 2 سالوں میں اہم معاشی پیشرفت ہوئی ہے۔
جمیل احمد نے کہا کہ مئی 2023ء میں پاکستان کی افراطِ زر 38 فیصد تھی، مئی 2025ء میں مہنگائی کی شرح 3.2 فیصد پر نیچے آچکی ہے، مالی سال 25ء کے اختتام تک پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں سالانہ تین گنا اضافہ ہوا، پاکستان کے زرمبادلہ 14 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ سخت مانیٹری پالیسی کا مقصد معاشی استحکام کو برقرار رکھنا ہے، مالی سال 25ء میں 38.3 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلاتِ زر نے کرنٹ اکاؤنٹ کو سرپلس رکھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بیرونی پوزیشن میں بہتری آئی، تین عالمی ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بڑھائی ہے، اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں نے ایس ایم ایز اور زراعت کی بہتری کیلئے اقدامات کیے ہیں۔
جمیل احمد کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل بینکاری کو اسٹیٹ بینک کا ایک ذیلی ادارہ بنا دیا گیا ہے، راست کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، اسٹیٹ بینک نے بینک اکاؤنٹ کھلوانے کا طریقہ کار مزید آسان کر دیا ہے، اب ہر شہری گھر بیٹھ کر بینک اکاؤنٹ کھلوا سکے گا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے قائدِ اعظم کے فرمان پر تقریر کا اختتام کیا،کہا آج کے دن تجدید کریں کہ نسلوں کے معاشی مستقل کو مضبوط بنائیں گے۔






















