چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو بھی نہیں پتہ کہ الیکشن کب ہوں گے مگر ایک جماعت الیکشن کی تاریخ دے رہی ہے، اس جماعت کو کیسے پتہ الیکشن فروری میں ہوں گے۔
مظفرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں الیکشن جلد ازجلد ہونے چاہئیں، وہ دن دورنہیں جب پیپلزپارٹی کی حکومت ہوگی۔ اس بارہم ماضی سےبہترپرفارم کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ اگر صحیح جگہ پر صحیح آدمی کو تعینات کیا جائے تو عوامی ادارے کارکردگی دکھاسکتے ہیں۔ مزید کہا کہ 9مئی کو اداروں پر حملے کیے گئے،داروں کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی
اس سے قبل این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں تقریب کے شرکا سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام نے پیپلز پارٹی کو موقع دیا تو اداروں کو مضبوط کرکے عوام کو سہولیات دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی پسماندہ علاقوں کوسہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہے، پسماندہ علاقوں کے بچوں کو بھی تعلیم کی سہولت ملنی چاہئے، کوشش ہے اپنے عوام کو بھی اعلیٰ تعلیم کی سہولیات دیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ وسائل صحیح طرح خرچ ہوں تو اچھے ادارے بن سکتے ہیں، عوام نے موقع دیا تو اپنے اداروں کو تگڑا کریں گے۔ موقع ملا تو عوام کوان کا حق اور سہولت دیں گے۔